پیرس ،7جون؍(آئی این ایس انڈیا) یورو کپ فٹ بال مقابلوں کے موقع پر فرانس میں سخت ترین سکیورٹی اقدامات کے باوجود آسان اہداف پر دہشت گردانہ حملوں کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ جمعے کے روز سے فرانس میں شروع ہونے والے ان یورپی کپ فٹ بال مقابلوں کے موقع پر دنیا بھر سے کئی ملین تماشائی پہنچ رہے ہیں، جب کہ فرانسیسی حکومت کی کوشش ہے کہ ہر حال میں سکیورٹی کی صورت حال یقینی بنائی جائے۔ انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک سینئیر فرانسیسی عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا ہے کہ ملک میں سلامتی کی صورت حال یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔